نئی دہلی،23دسمبر(آئی این ایس انڈیا) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز کہا کہ مرکزی حکومت مظاہرہ کررہے کسانوں کولے کر حساس ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کسانوں کو کسی بھی صورت میں تکلیف نہیں ہونے دیں گے۔
یوم کسان کے موقع پر ٹویٹس کے ذریعہ راج ناتھ سنگھ نے سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم کو غذائی تحفظ فراہم کیا ہے۔ ہندوستان میں 23 دسمبر کو’یوم کسان‘ کے نام سے منایا جاتا ہے۔
در اصل ہندوستان کے پانچویں وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ اسی دن پیدا ہوئے تھے، جنھوں نے کسانوں کی زندگی اور حالات کو بہتر بنانے کے لئے متعدد پالیسیاں شروع کی۔ حکومت ہند نے سال 2001 میں چودھری چرن سنگھ کے اعزاز میں ہر سال 23 دسمبر کو یوم کسان کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ کچھ کسان زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت ان سے پوری حساسیت کے ساتھ بات کر رہی ہے، مجھے امید ہے کہ وہ جلد ہی اپنی تحریک واپس لے لیں گے۔چودھری چرن سنگھ کو ملک کا سب سے معزز کسان لیڈر قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وہ کسانوں کے مسائل کو زندگی بھر اٹھاتے ر ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ چودھری چرن سنگھ چاہتے تھے کہ ملک کے کسانوں کی آمدنی بڑھے، انہیں فصلوں کے لئے معاوضے کی قیمتیں ملیں اور کاشتکاروں کی عزت کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے صرف ان کی ترغیب کی وجہ سے کسانوں کے مفاد میں بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں، وہ کسانوں کو کسی بھی حالت میں تکلیف نہیں ہونے دیں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ کسان تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے مطالبے کے لئے دہلی کی مختلف سرحدوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔